ٹھوکر: ڈرون طیارہ اورنج ٹرین کے ٹرمینل پر گر گیا‘ مالک گرفتار
لاہور (نامہ نگار) ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں ریموٹ کنٹرول ڈرون طیارہ اورنج ٹرین کے ٹرمینل پر گر گیا۔ ڈرون طیارے میں خفیہ کیمرہ بھی نصب تھا۔ ڈرون طیارہ گرنے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس نے طیارے کے مالک حامد کو گرفتار کر لیا ہے۔ چوہنگ کے علاقے میں پراسرار ریموٹ کنٹرول ڈرون طیارہ اونج ٹرین کے سٹبلنگ یارڈ پر اورنج ٹرین کی تعمیر کرنے والے غیر ملکی اور چائنیز کی رہائشگاہ کے قریب گر گیا۔ اطلاع ملنے پر سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ڈرون طیارہ قبضے میں لے لیا۔ پولیس اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ دوسری جانب سی سی پی او نے ایس پی صدر سے واقعہ کی رپورٹ کر کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گزشتہ رات اورنج ٹرین کے سٹبلنگ یارڈ کے خالی ٹریک پر ڈرون طیارہ گرا۔ جس میں خفیہ کیمرہ بھی نصب تھا۔ کوئی بارودی مواد نہیں ملا ہے جبکہ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ریموٹ کنٹرول ڈرون طیارہ لاہور کے شہری کا ہے جو اڑا رہا تھا، رات اڑھائی بجے اڑتا ہوا طیارہ ریموٹ سے ڈس کنیکٹ ہوا۔ ریمورٹ سے رابطہ ختم ہونے پر ائیر کرافٹ پول سے ٹکرا گیا۔ واقعہ میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، گرفتار ملزم حامد نے بتایا کہ ڈرون طیاروں کا مکینک ہوں اور اس نے ٹیسٹ پرواز کے لیے طیارہ اڑایا تھا۔