میڈیا کو لانگ مارچ میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے: راجہ بشارت
لاہور ( نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز ا محمد بشارت راجہ نے ہدایت کی کہ میڈیا کو لانگ مارچ کی کوریج کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ میڈیا سے متعلق معاملات پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی بجائے لانگ مارچ کے منتظمین پر چھوڑے جائیں۔ سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بعض مقامات پر شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو لانگ مارچ کی کوریج میں کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم پنجاب کیپٹن (ر) اسداللہ اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ کمیٹی نے لانگ مارچ کے اگلے مرحلے کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کیں۔ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس کے افسروں نے بریفنگ دی۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ راولپنڈی میں لانگ مارچ کی آمد سے پہلے سکیورٹی پلان تیار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت سے روزانہ بنیاد پر موومنٹ پلان لیا جا رہا ہے۔ الحمداللہ لانگ مارچ ہر لحاظ سے پرامن طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے اور لوگ بڑی تعداد میں اس میں شرکت کر رہے ہیں۔ اے سی ایس ہوم اسد اللہ نے اس موقع پر متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کے روٹ کی سکیورٹی پر بریفنگ نقشوں کی مدد سے دی جائے تاکہ لوکیشن کی زیادہ بہتر انداز میں سمجھ آ سکے۔