لاہور ہائیکورٹ: ممنوعہ فنڈنگ پر عمران کی ایف آئی اے طلبی پر فریقین سے جواب طلب
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے میں ایف آئی اے طلبی کیخلاف درخواست کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے دو صفحات پر مشتمل مختصر تحریری حکم دیا ہے کہ عمران خان کی ایف آئی اے میں طلبی کے نوٹسز آئندہ سماعت تک معطل رہیں گے۔ تحریری فیصلہ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ عمران خان کی درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں۔ ایف آئی اے سمیت دیگر فریقین آئندہ سماعت پر تحریری جواب اور رپورٹ داخل کریں۔ عمران خان نے ایف آئی اے میں اپنی طلبی کے نوٹسز کو چیلنج کیا ہے اور موقف اختیار کیا کہ سیاسی بنیادوں پر ہراساں کرنے اور انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ عدالت نے درخواست پر کارروائی سات دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔