’’میرا پاکستان میرا گھر‘‘ سکیم میں تبدیلیوں پر غور
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے میرا پاکستان میرا گھر (ایم پی ایم جی) سکیم کے بارے میں اجلاس کی صدارت کی۔ چیئرمین این اے پی ایچ ڈی اے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک سیما کامل نے شرکت کی۔ محمد اسحاق ڈار کو ’میرا پاکستان میرا گھر‘ ہاؤسنگ فنانس مارک اپ سبسڈی سکیم، اس کے مالیاتی خدوخال اور اس میں درپیش آپریشنل، فنکشنل رکاوٹوں اور عوام کو ہاؤسنگ فنانس کی سہولیات فراہم کرنے میں پیش رفت کے طریقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ موجودہ میرا پاکستان میرا گھر سکیم میں کچھ ڈھانچہ جاتی تبدیلیوں پر بھی غور کیا گیا تاکہ اس پروگرام کا عوام تک فائدہ پہنچانے کے لیے اسے مزید اہدافی اور قابل رسائی بنایا جا سکے۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے موجودہ حکومت کے اس عزم کا اظہار کیا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کو مناسب قیمتوں پر رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ موجودہ پروگرام میں موجود آپریشنل ابہام کو دور کرنے اور ان کو حل کرنے کے لیے ممکنہ تجاویز پر کام کریں۔