• news

بریسٹ کینسر کا علاج مفت،سیلاب متاثرین کیلءامدادی رقم کا اجراءشروع: پر ویز الہیٰ


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے 55 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کیلئے امدادی رقم کے اجراءکا آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین میں امدادی رقوم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی دفعہ بھی اللہ نے موقع دیا تھا، کام کئے لیکن شہباز شریف کی طرح ڈھول نہیں پیٹا۔ شہباز شریف سیلاب متاثرین کے پاس گیا تھا، فوٹو وغیرہ کھینچوا کر واپس آگیا۔ شہباز شریف کو پروٹوکول کا بہت شوق ہے۔ بڑی ”برکت“ والے ہیں شہباز شریف جس سے ہاتھ ملاتے ہیں وہ افسر چلا جاتا ہے۔ کیا فائدہ آپ کی حکومت کا اگر صوبے کی مدد نہیں کرنا یا کوئی اچھا افسر نہیں دینا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ55 ہزار 400سیلاب متاثرین کو مجموعی طور پر 12 ارب 20 کروڑ روپے کی امداد دے رہے ہیں۔ سیلاب میں تباہ ہونے والے47 ہزار 500 کچے گھر کے مالکان کو 2 لاکھ روپے اور 8 ہزار، پکے گھر مالکان کو 4 لاکھ روپے فی کس دے رہے ہیں۔ اخوت کے علاوہ دیگر دینی این جی اوز نے بھی سیلاب متاثرین کیلئے قابل قدر کام کیا۔ پاکستان آرمی، نیوی اور ائیرفورس نے متاثرین سیلاب کیلئے قابل قدر کام سرانجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود ڈی جی خان کے علاقوں میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ 3 ماہ میں سال جتنا کام کرکے دکھا دیا جس سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو پہلے بھی مفت تعلیم اور کتابیں دیں، اب بھی گریجوایشن تک مفت تعلیم دے رہے ہیں۔ جنوبی پنجا ب کی طالبات کو پہلے سے تین گنا زیادہ وظیفہ دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پتہ نہیں کتنے دن ہیں، لیکن جتنے دن بھی رہیں گے عوام کی خدمت کریں گے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام میں کرپشن روکنا سب سے بڑا چیلنج تھا۔ ماضی میں سوشل پروٹیکشن ڈیٹا سیاسی بنیادوں پر مرتب کیا جاتا تھا۔ ڈیٹا انٹری میں اقربا پروری اور سیاسی تعصب کا خاتمہ کر دیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں روش (Roche) پاکستان لمیٹڈ کی مینجنگ ڈائریکٹر حفصہ شمسی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ پرویز الٰہی نے اس موقع پر کہا کہ بڑے ہسپتالوں میں بریسٹ کینسر کے علاج کیلئے سینٹر آف ایکسی لینس قائم کئے جائیں گے۔ سرکاری ہسپتالوں میں بریسٹ کینسر سے بچاو¿ اور تشخیص کیلئے خصوصی کاو¿نٹرز قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ کسی بھی سٹیج پر کینسر تشخیص ہونے پر مریض کا مفت علاج ہوگا۔ پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا مریضوں کو بھی علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نجی شعبے کے اشتراک سے 37ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ خواتین میں کینسرکی تشخیص کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکرز بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے روش کمپنی کو پنجاب میں پروڈکشن پلانٹ لگانے کی دعوت دی اور کہا کہ 10سال کیلئے ٹیکس فری زون قائداعظم بزنس پارک میں پلانٹ لگائیں۔ روش کمپنی پنجاب میں پروڈکشن شروع کرے، ہر ممکن تعاون کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے بریسٹ کینسر کے مفت علاج کے حوالے سے پراجیکٹ کی منظوری دیدی۔ دریں اثناءطلبہ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ طلبہ قوم کا تابناک مستقبل ہیں۔ طالب علم بہت زیادہ توجہ اور احترام کے مستحق ہیں۔ نئی نسل کے طلبہ ذہین اور متحرک ہیں اور قوم کو ان پر فخر ہے۔ طلبہ کو کیریئر کا دباو¿ لینے کی بجائے تعلیمی زندگی کو انجوائے کرنا چاہئے۔ زندگی آسان نہیں ہے لیکن کوشش کریں تو کچھ بھی ناممکن نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زمانہ طالب علمی کی خوشگوار یادیں آج بھی میرے ساتھ ہیں۔ پنجاب کے طلبہ کیلئے پہلے بھی مفت تعلیم سمیت بہت سے اقدامات کئے، اب مزید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی آسانی کیلئے گرایجویشن لیول تک تعلیم مفت کی ہے۔

 پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن