روس سے تیل خریداری پر بات جاری، بھارت 5 اگست کے اقدامات واپس لے: پاکستان
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق سعودی عرب کے ساتھ مل کر دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ جبکہ خام تیل کی خریداری کے معاملے پر روس کے ساتھ گفتگو جاری ہے۔ ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 6 سے 8 نومبر تک کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کی اور وہاں ناروے اور مصر کے وزرائے اعظم کے ہمراہ ماحولیاتی تبدیلی پر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز اور کوششوں پر بھی بات کی گئی۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل سمیت متعدد راہنماؤں سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 9 سے 10 نومبر تک سعودی عرب کا دورہ کیا اور انہوں نے سعودی پاکستان سپریم کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور خلیج تعاون کونسل کے راہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان بات چیت کی بحالی پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے سے متعلق سوالات پر کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کے بارے میں دفتر خارجہ نے اعلان نہیں کیا تھا تاہم سعودی عرب کے ساتھ مل کر دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ دورہ متوقع ہے اور سعودی ولی عہد جلد ہی پاکستان کے دورے پر آئیں گئے اور دونوں ممالک اہم معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ کینیا میں ہمارے ہائی کمشن نے ارشد شریف کی شناخت، پوسٹ مارٹم اور جسد خاکی واپس لانے میں فعال کردار ادا کیا اور دفترخارجہ نے بھی بھرپور مدد فراہم کی۔ ارشد شریف کے قتل پر تحقیقات سے وزارت داخلہ ہی آگاہ کر سکتی ہے۔ بھارت کے ساتھ معاملات پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بات چیت کے لیے بھارت 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لے۔ پاکستان کشمیر کے مسئلے کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا، پاکستان مسئلہ کشمیر کے صرف اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل پر یقین رکھتا ہے۔ جموں و کشمیر کے مسئلے کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ایک غیر جانب دار استصواب رائے میں ہے، پاکستان 75 برس سے کشمیریوں کا بھارتی ریاستی جبر کے مقابلے میں ساتھ دے رہا ہے۔ بھارتی براہموس میزائل کے غلطی سے داغے جانے سے کوئی بڑا سانحہ بھی جنم لے سکتا تھا، ہم اس معاملے کو ہر اہم فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے۔ کلبھوشن یادیو کیس کے حوالے سے ابھی تک مزید کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ افریقہ ایک اہم براعظم ہے اور پاکستان افریقہ کے ساتھ اپنے رابطے جاری رکھے گا۔ ماحولیاتی تبدیلیوں پر ہم نے اپنا مؤقف انتہائی مؤثر انداز میں کوپ 27، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور دیگر فورمز پر پیش کیا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کے مؤقف کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ توشہ خانہ ریفرنس کے حوالے سے سارا طریقہ کار کابینہ ڈویژن ہی طے کرتا ہے۔ سابق وزیر اعظم کی گھڑی کے معاملے پر کسی شکایت کے حوالے سے آگاہ نہیں ہیں۔ پاکستان کسی بھی صورت حال میں پاکستان میں دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان خود دہشت گردی سے متاثرہ ملک رہا ہے۔ جارجیا میں اسرائیلی شہری کے قتل کی سازش میں پاکستانی شہری کی گرفتاری کی خبریں دیکھی ہیں۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی، تعمیرنو کے لیے ڈونرز کانفرنس جنیوا میں متوقع ہے اور اس حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔