آئیڈیاز 2022ء جاری بموں کو گائیڈڈ بنانے کی کٹ تیار
اسلام آباد؍ کراچی (خبر نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے دفاعی صنعتی ادارے نے ان گائیڈڈ بموں کو گائیڈڈ بم بنانے کی خصوصی کِٹ بھی تیار کی ہے۔ سمارٹ ٹیکنالوجی کی تکبیر رینج ایکسٹینشن کٹ ملکی دفاعی شعبے میں ایک گرانقدر اضافہ ہے، یہ کِٹ لڑاکا طیارے سے 30 ہزار فٹ کی بلندی سے گرائے جانے والے بم پر فٹ کر کے سمارٹ ٹیکنالوجی سے کنٹرول کی جاتی ہے۔ بم گرنے کے بعد کِٹ کے ذریعے 100 کلو میٹر آگے تک جا کر اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء کی تقریبات عروج پر ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ ائیر شو میں پیشہ ورانہ عسکری مہارتوں کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ایونٹ کا تیسرا دن ’’پرائیڈ آف پاکستان‘‘ JF-17 تھنڈر اور سپر مشاق ٹرینر طیاروں کے سٹیٹک ڈسپلے میں حاضرین کی خصوصی دلچسپی کے حوالے سے نمایاں رہا۔ طیاروں میں غیر ملکی مندوبین اور عسکری حکام نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔