پاکستان آسیان کیساتھ تجارتی حجم بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے: مہر کاشف یونس
لاہور(کامرس رپورٹر )وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ پاکستان ایسوسی ایشن آف سائو تھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کے ساتھ تجارتی حجم کو بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ جمعرات کو میاں ذیشان الٰہی کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسیان ممالک کا تجارتی حجم 3.3 ٹریلین ڈالر سے بڑھ چکا ہے جس کے مستقبل قریب میں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ آسیان ممالک کے ساتھ پاکستان کا تجارتی حجم 11 بلین ڈالر ہے، جو اس کی دستیاب صلاحیت سے بہت کم ہے۔
چین پہلے ہی آسیان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور اور ڈیجیٹل معیشت سمیت تجارت کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ اس تعاون کا عملی اطلاق جامع علاقائی اقتصادی شراکت داری (RECP) معاہدے کے ذریعے فراہم کردہ فریم ورک میں بھی دیکھا جاتا ہے جس نے خطے کو دنیا کے سب سے بڑے تجارتی معاہدے میں متحد کر دیا ہے۔ بزنس کمیونٹی اور ادارے اپنے علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور جامع علاقائی اقتصادی شراکت داری معاہدے کے تحت میسر کاروباری مواقع کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔