مرکزاہلسنت جامعہ محمدیہ نوریہ رضویہ کا81 واںجلسہ دستار فضیلت ،37 واں عرس پیر جلال الدین شاہ نقشبندی شروع
لاہور(خصوصی نامہ نگار)مرکزاہلسنت جامعہ محمدیہ نوریہ رضویہ کادو روزہ 81 واںسالانہ جلسہ دستار فضیلت اور37 واں عرس پیر سید محمد جلال الدین شاہ نقشبندی شروع ہو گیا ہے۔ پہلے دن کی تقریبات کی صدارت جمعیت علمائے پاکستان( سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کی جبکہ مہمان خصوصی سید آل حبیب اجمیری تھے۔ دستار فضیلت کی پہلی نشست سے مولانا چمن زمان، مولاناراشدمحمود، پیرمحمد اقبال شاہ اور پیر واجد علی گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظام اور بلا سود بینکاری پاکستان کا مقدر ہے۔حکومت کی طرف سے بلا سودبینکاری کے فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی اپیلیں واپس لینے کوسراہتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ یہودیوں کا ایجاد کردہ سود پر مبنی سودی نظام کو اسلامی ملک میں نافذ کیا گیا۔سود اللہ اور اس کے رسول سے جنگ ہے۔