فوج کے ادارے کو متنازعہ بنانے کی ہر کوشش قابل مذمت ہے: خرم نواز گنڈا پور
لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ مشکوک مینڈیٹ والے وزیر اعظم کو ایک مجرم سے ملنے لندن جانے سے روکنا ہو گا۔ متنازعہ وزیر اعظم کی طرف سے آرمی ایکٹ میں ترمیم پر عوام کے شدید تحفظات ہیں۔ قوم جاننا چاہتی ہے راتوں رات آرمی ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت کیوں محسوس کی گئی؟ فوج کے ادارے کو متنازعہ بنانے کی ہر کوشش قابل مذمت ہے۔تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری کئی برس قبل کہہ چکے ہیں کہ کرپٹ اشرافیہ کی فوج کے باوقار ادارے کو پنجاب پولیس بنانے کی دیرینہ خواہش ہے۔آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے بیرون ملک ایک سزا یافتہ مجرم کے ساتھ مشاورت سے پاکستان کا آئینی تشخص داغدار ہو رہا ہے کرپشن کے پیسے سے خریدے گئے ایون فیلڈ محلات پارلیمنٹ سے زیادہ معتبر ہو گئے ہیں۔