• news

اورنج ٹرین کے کرائے میں نمایاں کمی، پنجاب کابینہ نے منظوری دے دی 


لاہور (سپیشل رپورٹر) شہریوں کو پنجاب حکومت نے بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے اورنج لائن ٹرین کے کرایوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ پنجاب کابینہ نے اورنج ٹرین کے سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ کی منظوری دے دی ہے۔ جس سے اب سواریوں کو سفر کے حساب سے کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔ اورنج ٹرین کا نیا کرایہ نامہ آج سے نافذ العمل ہو گا۔ اورنج ٹرین کے نئے کرائے نامے میں پانچ مختلف سٹیج تشکیل دی گئی ہیں۔ اورنج ٹرین کا 4 کلومیٹر تک کا کرایہ 20 روپے ہو گا۔ 5 سے 8 کلومیٹر کا کرایہ 25 روپے ہو گا۔ اورنج ٹرین پر 9 سے 12 کلومیٹر تک کا کرایہ 30 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ 13 سے 16 کلومیٹر تک کا کرایہ 35 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ 16 سے 27 کلومیٹر آخری سٹاپ تک کا کرایہ 40 روپے ہو گا۔ اورنج ٹرین میں اب سب سے کم کرایہ 20 روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ کرایہ 40 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ نئے کرایہ نامہ سے سٹاپ ٹو سٹاپ سفر کرنے والوں کو بھرپور فائدہ ہو گا۔ جی ایم آپریشنز عزیر شاہ نے آج جمعتہ المبارک سے نیا کرایہ نامہ نافذ کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ اورنج ٹرین کے فعال ہونے کے 2 سال 22 دن بعد نیا کرایہ نامہ نافذ کیا جارہا ہے۔ قبل ازیں شہریوں سے اورنج ٹرین کا فکس کرایہ 40روپے لیا جا رہا تھا۔
اورنج ٹرین کرایہ

ای پیپر-دی نیشن