• news

لانگ مارچ کل روات اور مندرہ پہنچنے پر عمران راولپنڈی داخلے کی تاریخ کا اعلان کرینگے: فیاض چوہان 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی لانگ مارچ کی منزل اسلام آباد ہے اور لانگ مارچ 19 نومبر بروز ہفتہ کو روات اور مندرہ کے درمیان آئے گا جہاں پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان راولپنڈی میں داخلہ کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ پبلک سیکرٹریٹ میں میڈیا میں گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد افراد راولپنڈی میں عمران خان کا استقبال کرنے کیلئے بیتاب ہیں اور لانگ مارچ کے شرکاء پاکستان کو حقیقی آزاد ملک بنانے اور اگلے الیکشن کی تاریخ لینے آئیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ تیرہ پارٹیوں پر مشتمل امپورٹڈ حکومت عمران خان کا سیاسی طور پر مقابلہ کرنے میں ناکام ہو گئی ہے اور اسی لئے عمران خان کی کردار کشی کی بدترین مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر فاروق ظہور سے پہلے میجر ریٹائرڈ خرم روکھڑی کو منظر پر لایا گیا جسے فوج سے ذہنی مریض ہونے کی وجہ سے فارغ کیا گیا تھا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے پہلے توشہ خانہ سے مالیت کی 35 فیصد ادائیگی پر تحائف لئے جاتے تھے اور نواز شریف اور آصف علی زرداری تین اور چار فیصد ادائیگی کے بعد توشہ خانہ سے تحائف لیتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت نے پچاس فیصد ادائیگی پر تحائف لینے کا آغاز کیا تھا۔
فیاض چوہان

ای پیپر-دی نیشن