• news

پیراگون کیس: خواجہ سعد رفیق کی حاضری معافی، ملزموں کی ضمانت میں یکم دسمبر تک توسیع 


لاہور (سپیشل رپورٹر) احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں خواجہ سعد رفیق کی ایک روز کے لیے  حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء کو عدالتی دائرہ اختیار اور ٹرائل سے متعلق نکات پر دلائل طلب کر لیے ہیں۔ احتساب عدالت نمبر چھ کے جج قمر الزمان نے کیس کی سماعت کی۔ فاضل جج نے شریک ملزمان کے وکلاء سے کہا کہ ملزمان کی ضمانتوں پر پراسیکیوشن کے اعتراضات آئے ہیں۔ ملزموں کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ قانون کہتا ہے کہ جس کورٹ میں ٹرائل چلے گا اسی میں ضمانت ہو گی۔ اس ترمیم کا بنیادی مقصد نئے ملزم کے حوالے سے سپلیمینٹری چالان پیش کرنا بھی شامل ہے۔ سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب و ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی۔ جبکہ دو شریک ملزمان ندیم ضیاء اور فرحان علی عبوری ضمانتوں کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔ ریفرنس کے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ بھی پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی۔ عدالت نے نئے شامل تفتیش ہونے والے دو ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں بھی توسیع کردی۔ سماعت کے بعد خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا کیس تمام صوبوں کا مقدمہ ہے، مقدمہ یہ ہے کہ میں خود ڈینگی کا شکار ہوا، تحریک انصاف جس صوبے میں بھی گئی وہاں ڈینگی کنٹرول سے باہر ہوا، ہم نے 8 سال ڈینگی کو مینج کیا، مجھے ڈینگی ہوا، عمران خان نے ملک کو بہت پیچھے دھکیل دیا ہے۔ نواز شریف کی جانب سے  توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف پر سلمان رفیق کا بات کرنے سے انکار اور کہا کہ مجھے نہیں معلوم کتنے تحائف لیے گئے۔
پیراگون کیس

ای پیپر-دی نیشن