• news

عمران پر حملہ جے آئی ٹی  کا وزیر آباد جائے وقوعہ کا دورہ ملزم نوید کا جسمانی ریمانڈ


 وزیرآباد (نامہ نگار) عمران خان پر قاتلانہ حملے کا معاملہ۔ جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم کے اراکین نے وزیر آباد جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ڈی ایس پی وزیر آباد کے دفتر میں ہونے والی میٹنگ میں آر پی او گجرات اور ڈی پی او گجرات نے جی آئی ٹی ارکان کو بریفنگ دی۔ عمران خان پر قاتلانہ حملے کو پندرہ روز گزر چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس کیس کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی۔ مرکزی ملزم نوید احمد کو پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں پہلی مرتبہ انسداد دہشت گردی کی عدالت گوجرانوالہ میں پیش کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم نوید کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔ پولیس کی جانب سے 30 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ ملزم کو دوبارہ 29 نومبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ ملزم کو 10 دن غیر قانونی حراست میں کیوں رکھا گیا؟۔ عدالت نے تفتیشی افسر رانا امتیاز کی سرزنش کی، اگلی پیشی پر جواب داخل کروانے کا حکم بھی دیا۔ اللہ والا چوک کے مقام پر ابھی تک روڈ کو جائے وقوعہ سے سیل رکھا ہوا ہے جہاں پولیس کی ٹیمیں تین شفٹوں میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ جبکہ جائے وقوعہ کے قریب مختلف کاروباری مراکز گزشتہ پندرہ روز سے بند پڑے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکٹھے کئے گئے۔
جی آئی ٹی

ای پیپر-دی نیشن