سینٹ کی خالی نشست پر پیپلز پارٹی کے وقار مہدی نئے امیدوار نامزد
لاہور+کراچی ( نامہ نگار+خصوصی نامہ نگار) مصطفیٰ نواز کھوکھر کے استعفے کے باعث سینٹ کی خالی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی نے وقار مہدی کو نیا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔خالی نشست پر پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما وقار مہدی کے بطور امیدوار آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے بھی منظوری دے دی ہے۔
سندھ سے سینٹ کی جنرل نشست پر الیکشن کے لیے ریٹرننگ افسر نے سینٹ الیکشن کے لیے پبلک نوٹس جاری کر دیا ہے جس کے لیے پارٹی نے وقار مہدی کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ سینٹ کی مذکورہ خالی نشست پر الیکشن 8 دسمبر کو ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے کوٹے پر سینٹ کی خالی نشست کے ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان حصہ نہیں لے گی بلکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرے گی۔واضح رہے کہ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے گزشتہ ہفتے سینٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔پیپلز پارٹی کے سینٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں لکھا تھا کہ میری پارٹی کے ایک سینیئر لیڈر سے آج ملاقات ہوئی جس میں مجھے بتایا گیا کہ پارٹی قیادت میرے سیاسی مؤقف سے ناخوش ہے اور قیادت سینٹ سے میرا استعفیٰ چاہتی ہے۔انہوں نے لکھا تھا کہ میں خوشی سے اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو اپنا استعفیٰ پیش کروں گا۔
وقار مہدی امیدوار