احتساب عدالتوں کے ججز کی مدت ختم‘ زرداری‘ گیلانی کیسز کے التواء کا خدشہ
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مدت تعیناتی مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کو او ایس ڈی بنانے جبکہ مدت تعیناتی ختم ہونے پر احتساب عدالت کے جج اصغر علی کی خدمات واپس لاہور ہائیکورٹ کے حوالہ کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد جاری الگ الگ نوٹیفکیشن کے مطابق احتساب عدالت نمبر 2 کے جج محمد اعظم کی کی تین سالہ مدت تعیناتی ختم ہونے پر انہیں او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے، جبکہ دوسرے نوٹیفکیشن میں احتساب عدالت نمبر3 کے جج اصغر علی کو احتساب عدالت میں تین سالہ تعیناتی مکمل ہونے پر واپس لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جج اصغر علی کی تین سالہ تعیناتی مدت 8دسمبر کو ختم ہورہی ہے۔ ادھر دونوں ججز کی عرصہ تعیناتی ختم ہوجانے پر اسلام آباد کی تین احتساب عدالتوں میں سے دو میں ججز کی سیٹیں خالی ہوجائیں گی اور اس وقت سابق صدر پاکستان آصف علی ذرداری، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت متعدد اہم شخصیات کے کیسز زیر سماعت ہیں جن میں التواء کا خدشہ پیدا ہوجائے گا۔
احتساب عدالت