گنے کی امدادی قیمت 300 روپے من مقرر ، پولیس میں 3 ہزار اسامیوں پر بھرتی ہوگی
لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبائی کابینہ نے دو ماہ میں سالوں کا کام کرنے اور فلڈریلیف پروگرام کی کامیابی پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو خراج تحسین پیش کیا وزیراعلیٰ نے کہاکہ فلڈ ریلیف پروگرام پر ڈاکٹر ثانیہ نشتراورساری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے اورخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سندھ میں بیماریاں پھیل رہی ہیں اوروہ لوگ سیاست کے سوا کچھ نہیں کررہے۔ہم نے ایک ارب روپیہ سندھ کے لئے فلڈ ریلیف کا رکھا ہے وہاں ابھی تک سروے تک نہیں ہوا۔صوبائی کابینہ نے پنجاب میں شوگر ملوں کو 25نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کا پابند کردیا۔صوبائی کابینہ نے گنے کی سپورٹ پرائس 300 روپے فی من کرنے کی منظوری دے دی۔احساس راشن رعایت پروگرام میں بینک آف پنجاب کو بھی شامل کرنے کی منظوری دی۔ ڈی جی ریسکیو1122ڈاکٹر رضوان نصیر کو گریڈ 21دے دیا گیا۔کابینہ اجلاس میں ڈی جی اورریسکیو1122کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔صوبائی کابینہ نے الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ضابطہ کار کی منظوری دے دی۔پنجاب میں الیکٹرک رکشے چلانے کااصولی فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ الیکٹرک گاڑیوں کو ٹیکسز کی مد میں 50فیصد تک رعایت دیں گے۔ اجلاس میں پنجاب پولیس کی 3ہزار خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی۔پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کامران خان کے کنٹریکٹ میں دو سال کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ہواوے سے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے مفاہمتی معاہدے کی منظوری بھی دے دی گئی۔کابینہ نے ایل ڈی اے ٹریبونل کے صدر کی تعیناتی، سرگودھا اوربہاولپورکومتعلقہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سٹی ایریا قرار دینے،پنجاب ڈرگ رولز میں ترمیم،صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈکی ری ویمپنگ، پنجاب کمیشن آن سٹیٹ آف وویمن کی سالانہ رپورٹ،حکومت پنجاب کے اکاؤنٹس کے بارے میں آڈٹ رپورٹس،پبلک سیکٹر انٹرپرائز گورنمنٹ آف پنجاب آڈٹ اکاؤنٹ کے آڈٹ،چیئرمین زکوٰۃ وعشر کونسل کی تعیناتی کے قواعد و ضوابط،قائداعظم لائبریری شیڈول ریگولیشن1984میں ترمیم،پنجاب پبلک لائبریری جنرل ریگولیشن2012میں ترمیم،قائداعظم بزنس پارک کے کنٹریکٹ کے ازسرنو جائزہ لینے اورروڈا کے سابق چیئرمین کو3ماہ کے نوٹس پیریڈ کی تنخواہ کی ادائیگی کی۔کپیسٹی بلڈنگ آف پی اینڈ ڈی برائے پالیسی پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ آف ڈویلپمنٹ پراسس ان پنجاب کے11 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔پرویز الٰہی سے رکن صوبائی اسمبلی حافظ عمار یاسر اور مقامی رہنما ارشد شیخ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تلہ گنگ کے عوام نے ہمیشہ لبیک کہا انہیں کیسے بھول سکتے ہیں۔ تلہ گنگ کے عوام کی محرومیاں دور کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے جسٹس شاہد کریم کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔