پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں احترام کے حوالے سے پرعزم :مسعود خان
واشنگٹن (این این آئی) امریکہ میں پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان رواداری، شمولیت اور تمام مذاہب کے پیروکاروں کے احترام کی عالمی اقدار کے حوالے سے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان نے لاس اینجلس میں چرچ آف جیسس کرائسٹ آف لیٹر -ڈے سینٹس کی قیادت کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے چرچ کی قیادت کو پاکستان اور امریکہ دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک میں تذویراتی امور پر تعاون پایا جاتا ہے تاہم دونوں ملکوں میں مضبوط شراکت داری کی بنیاد عوامی روابط ہیں۔سفیر پاکستان نے چرچ آف لیٹر -ڈے سینٹس کی طرف سے پاکستان میں ہیلتھ کیئر سمیت فلاحی سرگرمیوں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو سراہا۔مسعود خان نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کی کوششوں میں 2 ملین امریکی ڈالر کی امداد پر ان کا شکریہ ادا کیاسفیر پاکستان نے کہا کہ چرچ کی امریکہ میں سفارتی برادری تک رسائی مختلف عقائد کے افرادکے درمیان افہام و تفہیم پیدا کرنے کا ایک مو¿ثر طریقہ ہے۔چرچ کے ڈائریکٹر پبلک اینڈ انٹرنیشنل افیئرز میتھیو بال نے سفیر پاکستان کو پاکستان میں انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے چرچ کی طرف سے اٹھائے گئےاقدامات سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ 1995 سے اب تک چرچ کی جانب سے پاکستان میں 107 فلاحی منصوبے پر کام کیا گیا ہے ۔ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے بعد چرچ نے مقامی این جی اوز کے ساتھ مل کر 9 فلاحی منصوبوں پر کام کیا ہے جن میں ہنگامی رہائش گاہوں کی فراہمی ، صاف پانی کی فراہمی ،طبی سامان، پانی صاف کرنے کی کٹس اور خوراک کی فراہمی شامل ہے اور یہ تمام یہ منصوبے سیلاب سے متاثرہ تمام صوبوں میں لگائے گئے ہیں جن سے 2 لاکھ 30 ہزارافراد کو فائدہ پہنچا ہے۔
مسعود خان