سنٹرل ایشین والی بالی چیمپئن شپ 24 نومبر سے لاہور میں شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان والی بال فیڈریشن کی میزبانی میں پانچ ملکی سنٹرل ایشین والی بال چمپئن شپ 24 سے 29 نومبر تک سپورٹس بورڈ پنجاب کے جمنازیم ہال قذافی سٹیڈیم لاہورمیںکھیلی جائے گی۔میگا ایونٹ میں پاکستان ،ایران ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی ۔بین الاقوامی ایونٹ 17 سال کے وقفے کے بعد پاکستان میں منعقد کیا جا رہا ہے ۔ چیمپئن شپ سنگل لیگ کی طرز پر کھیلی جائیگی جس کے اختتام پر2 ٹاپ سکور کرنے والی ٹیمیں فائنل کھیلیں گی جبکہ تیسرے اور چوتھے پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیمیں 29 نومبر 2022 کو تیسری پوزیشن کیلئے کھیلیں گی۔ پاکستان والی بال کی ٹیم نے گزشتہ 2 سال میں عالمی رینکنگ میں 12 درجے اضافہ کیا ہے۔پاکستان کی مرد ٹیم نے والی بال کھیلنے والے 222 ممالک میں سے 51 ویں نمبر سے 39 رینک حاصل کیے ہیں۔ پاکستان ایشیا اور اوشیانا زون کے 65 ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے۔چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب نے کہا کہ امید ہے کہ اگلے دوسال میں پاکستان انشا اللہ ایشیا میں فتح کے سٹینڈ پر ہوگا اور ورلڈ چیمپئن شپ کیلئے کھیلے گا ۔ پاکستان ورلڈ اولمپکس 2028 میں کوالیفائی کرنے کے اپنے خواب کو پورا کرنے کی کوشش کرے گا۔ پاکستان کے پاس باصلاحیت کھلاڑیوں کا اچھا پول ہے اور ہم اولمپکس کے اس خواب کو پورا کرنے کیلئے لڑکوں کو اعلی معیار کے عالمی کوچز کے تحت تربیت دیں گے۔