عمران سے ملاقات‘ حقیقی آزادی ملک کیلئے ناگزیر ہو چکی: مسرت چیمہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان وزیراعلی و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے گزشتہ روز زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ عمران خان نے ملاقات کے دوران پنجاب حکومت کی کارکردگی میڈیا میں مزید اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے جس تیزی سے عوامی بھلائی کے منصوبے اور غریب دوست پالیسیاں اپنائی ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ پنجاب حکومت کے اقدامات سے عام آدمی کے لئے سہولیات کا دائرہ وسیع ہوا ہے بالخصوص انصاف اور صحت کارڈ کے اجراء نے شہریوں کی زندگی میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ مسرت جمشید چیمہ جو محکمہ تعلقات عامہ کی انچارج بھی ہیں نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صحافیوں اور میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لئے بھی محکمہ تعلقات عامہ موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ پنجاب میں (ن) لیگ کے سریا سیمنٹ منصوبوں کے بر عکس حقیقی اور ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دریں اثناء مسرت جمشید چیمہ نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کے ہمراہ زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام اپنا فیصلہ دیوار پر لکھ چکے ہیں۔ حقیقی آزادی اس ملک کے لئے ناگزیر ہو چکی ہے۔