• news

عمران نے مقبولیت کی خاطر سیاست میں منفی قدروں کو فروغ دیا: خورشید شاہ 


اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت بردباری اور برداشت کا نام ہے اور عمران خان نے اپنی مقبولیت کی خاطر سیاست میں منفی قدروں کو فروغ دیا جس کا نتیجہ یہ ہے کہ معاشرے میں عدم برداشت بڑھ چکی ہے اور ہم بطور معاشرہ امن کی بجائے انتشار کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آمریت کے تاریخی جبر اور ظلم برداشت کئے ہیں مگر ظلم اور جبر کی تلخی کو کبھی اپنی سیاست پر حاوی نہیں ہونے دیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سیاسی لیڈر کا بڑا پن جمہوری قدروں کی پامالی سے نہیں بلکہ جمہوری رویوں کے فروغ سے ظاہر ہوتا ہے۔ عمران خان کو امریکی سائفر، چیف آف آرمی سٹاف کی تعیناتی اور سعودی تحائف کی فروخت کے بیانیوں پر عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ لیڈر کا سیاسی ویژن ہی اسے عظیم بناتا ہے اور موجودہ اور آئندہ نسلیں اسی ویژن کو ساتھ لیکر چلتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن