پاکستان میں 5 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کرینگے: ترکیہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترکیہ نے پاکستان کو مشکل معاشی حالات سے نکالنے کیلیے پانچ ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور ترکی اگلے دو تین سال میں پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دے کر کم از کم پانچ ارب ڈالر تک کرنا چاہتا ہے کیونکہ تجارت کا موجودہ حجم دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پچاجی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترک سفارتخانے کے کمرشل قونصلر نورتین دیمیر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر مہمت پچاجی نے کہا کہ ان کی حکومت نے انہیں آئندہ تین سال میں ترکی اور پاکستان کی باہمی تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کی ذمہ داری سونپی تھی۔