• news

پی ٹی آئی احتجاج عدالتی فیصلوں کے مطابق ہوا تو سکیورٹی دیں گے : آئی جی 

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان تحریک انصاف لانگ مارچ اور احتجاج سے متعلق زیر سماعت کیس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد نے تفصیلی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دی، رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پی ٹی آئی25 مئی کو بھی اپنی گارنٹی  کی خلاف ورزی کرچکی،علی امین گنڈاپور اور دیگر پی ٹی آئی رہنماوں کے اشتعال انگیز بیانات کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایاگیا اور کہاگیاہے کہ پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے وزیر داخلہ کو جان کی دھمکی بھی دی، ویڈیوز موجود ہیں جن میں کارکنوں کو غلیلیں بھی دی جارہی ہیں،شیخ رشید اور فیصل واوڈا کہہ چکے یہ خونی مارچ ہو گا،خود عمران خان بھی تسلیم کر چکے ان کے کچھ لوگ مسلح ہیں،سپریم کورٹ واضح کر چکی اجتماع کی اجازت جمہوری حق کے طور پر دی جاتی ہے،سپریم کورٹ کہہ چکی اجتماع قانونی حکومت کو ختم کرانے کیلئے نہیں ہو سکتا،احتجاج سے ڈپلومیٹک موومنٹ بھی بند ہو تی ہے،ائیرپورٹ تک جانے والے راستوں پر وفاقی ایجنسیز کو اختیار دیا جائے، رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ پی ٹی آئی سے فنانشل گارنٹی بھی لی جا سکتی ہے کہ کوئی نقصان نہ ہو،پی ٹی آئی مطلوبہ ضمانت دے دے تو کنٹینرز بھی رکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی، رپورٹ کے مطابق عدالتی فیصلوں کیمطابق ہی پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت دی جائے،مطلوبہ شرائط کیمطابق احتجاج ہوا تو سکیورٹی دینے کو تیار ہیں، آئی جی کی رپورٹ میں عمران خان کی جان کو لاحق خطرات سے متعلق تھریٹ الرٹس رپورٹ کو بھی حصہ بنایاگیاہے۔وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف. اسلام آباد ریجن کو کورال چوک سے براستہ ایکسپریس وے روات تک حقیقی آزادی مارچ کے قافلے میں شامل ہونے کے لئے جلوس لے کر جانے کی اجازت دینے کے فیصلے کی توثیق کر دی  ایکسپریس وے استعمال کرنے کے لئے 35 نکات پر مشتمل ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن