فوجیوں اور انکے خاندانوں کو صحت کی معیاری سہولتیں جوانوں کے مورال کیلئے اہم : آرمی چیف
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی دوروں کے سلسلہ میں آرمی میڈیکل کور کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطا بق پاکستان آرمی کی سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر بھی دورے کے دوران آرمی چیف کے ہمراہ تھیں،آرمی چیف نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال(سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا اور میجر جنرل محمد محسن قریشی کمانڈنٹ سی ایم ایچ نے انہیں جدید ترین طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بریفنگ دی گئی کہ طبی دیکھ بھال کی منصوبہ بندی بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق کی گئی ہے اور مریضوں کی دیکھ بھال ہسپتال انتظامیہ کی توجہ کا مرکز ہے۔ سویلین/غیر مستحق مریضوں کی سہولت کے لیے خصوصی کائونٹر بھی قائم کیے گئے ہیں۔ آرمی چیف کو اکیڈمک سنٹر میں لائیو سرجری کے عمل کے ذریعے ڈاکٹروں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے نیا قائم کیا گیا کنٹرول روم بھی دکھایا گیا، جسے طبی طلباء کو جراحی کے طریقہ کار کی بہتر تفہیم کے لیے ڈیزائن اور قائم کیا گیا ہے۔ بری فوج کے سربراہ نے آرمی میڈیکل کور کی کوششوں کو سراہا جو مسلح افواج کے ارکان، ان کے خاندانوں اور سویلین مریضوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال اور جدید ترین علاج معالجہ کی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ آرمی چیف نے مسلح افواج کے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ کے نئے ٹریننگ بلاک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔بعد ازاں انہوں نے نئے تعمیر شدہ گیسٹ رومز، نئے قائم کردہ آرمی ہیلپ سنٹر اور آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اپ گریڈ شدہ سہولیات کا دورہ کیا۔آرمی چیف نے آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹروں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی فرض شناسی اور یادگار کام کے لیے بے لوث لگن کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ فوجیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے معیاری صحت کی دیکھ بھال فوج کے فلاحی نظام کی بنیادی خصوصیت ہے اور فوجیوں کے مورال کے لیے اہم ہے۔ قبل ازیں سی ایم ایچ پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔