• news

طاہر القادری، فضل الرحیم اشرفی کا مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر اظہار افسوس 


لاہور، راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار، جنرل رپورٹر) تحریک منہاج القرآن کے بانی ڈاکٹر طاہرالقادری نے مفتی اعظم پاکستان، صدردارا لعلوم کراچی، سرپرست وفاق المدارس العربیہ مولانا مفتی محمدرفیع عثمانی کے انتقال پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مفتی محمد رفیع عثمانی کی عالمِ اسلام کے لیے گراں قدر علمی و عملی خدمات ہیں۔ جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ قاری ارشد عبید، نائب مہتمم احمد حسن اشرفی، اسعد عبید و دیگر نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک عہدساز شخصیت اور اپنے والد مولانا مفتی محمد شفیع کی مسند اورعلوم و معارف کے حقیقی وارث و جانشین اورعلم و عمل میں اپنے اکابرین واسلاف کی جیتی جاگتی عملی تصویر تھے۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی ،قاری جمیل الرحمن اختر، مولانا علیم الدین شاکر نے وفات کو دینی وعلمی حلقوں کےلئے بہت بڑانقصان قراردیا۔قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ۔جمعیت علماءاسلام کے امیر مولانا حامد الحق حقانی نے انتقال کو سانحہ عظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال کی خبر مذہبی حلقوں خصوصاً علماءوطلبہ پر بجلی بن کر گری ۔ انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنائیت اللہ،مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج،نائب امیرمولانا حافظ عبدالصمد، مولانا عبدالرو¿ف مکی نے کہا کہ حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی سچے عاشق رسول،محافظ ختم نبوت،زہد و تقویٰ اور علم و عمل کے پیکر تھے ۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ محمد کفیل بخاری، نائب امیر عبدالطیف خالد چیمہ و دیگر نے اظہار افسوس کیا۔

ای پیپر-دی نیشن