فیصلہ کن ہفتہ شروع‘ ہمارا مطالبہ شفاف الیکشن‘ ٹیکنو کریٹ حکومت قبول نہیں: شیخ رشید
روالپنڈی +لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت سیاسی، معاشی، اقتصادی اور تعیناتی بحران میں پھنسی ہوئی ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام اور زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، یہ ہفتہ فیصلہ کْن ہے۔ یہ زمینی حقائق سے بے خبر اور فضا میں معلق ہے۔ ہمارا مطالبہ ایک ہی ہے جلد شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ عمران خان کی جان کو اب بھی خطرہ ہے۔ عمران خان آئین و قانون کے مطابق الیکشن چاہتے ہیں۔ پاکستان کی سیاست 26 نومبر کو بدلنے جا رہی ہے۔ بلاول صدر مملکت کو دھمکی دینے سے پہلے لال حویلی سے ہو کر جائے۔ عمران خان کو ٹیکنو کریٹ حکومت قبول نہیں۔