تسنیم حیدر کا ن لیگ سے تعلق نہیں ، ثبوت ہیں تو جے آئی ٹی کو دے : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کا الزام ن لیگی قیادت پر عائد کرنے والے تسنیم حیدر نامی شخص کے بارے میں واضح کیا ہے کہ وہ شخص پاکستان مسلم لیگ (ن) لندن کا ترجمان نہیں۔ اپنے بیان میں مریم اورنگ زیب نے کہا کہ تسنیم حیدر کا مسلم لیگ ن سے بھی کوئی تعلق نہیں، تسنیم حیدر کے پاس ثبوت ہیں تو جے آئی ٹی کے قانونی فورم پر پیش کریں، کوئی شخص زبردستی پارٹی ترجمان بننے کی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ تصویر میں نظر آنے والا شخص پی ٹی آئی لندن کا آرگنائزر ہے۔ برطانیہ میں آن ائیر کرے، برطانیہ میں جھوٹی خبر اس ڈر سے نشر نہیں کرتے کیونکہ پہلے بھی جھوٹ پر جرمانے بھر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلسازی، جھوٹ اور فیک نیوز سے ارشد شریف کے اصل قاتلوں سے توجہ ہٹائی نہیں جا سکتی۔