آرمی چیف کا دورہ لسبیلہ ، سیلاب متاثرین کیلئے تعمیر گاؤں کا افتتاح
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اتوار کو بلوچستان کے شہر لسبیلہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے لال گل گوٹھ میں فرینٹر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)کی جانب سے ریکارڈ مدت میں تعمیر کیے جانے والے گائوں کا افتتاح کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق مذکورہ گاں لال گل گوٹھ حالیہ سیلاب میں بری طرح تباہ ہو گیا تھا اور لوگوں کا ذاتی سامان، مال مویشی اور مکانات مکمل طور پر سیلاب میں بہہ گئے تھے۔ گائوں میں ایک پرائمری اسکول بھی تعمیر کیا گیا جب کہ شمسی توانائی کا ایک ٹیوب ویل بھی نصب کیا گیا ہے۔ آرمی چیف کو ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کمال اظفر نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے کام کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے لال گل گوٹھ میں نئے تعمیر شدہ پرائمری اسکول کے اساتذہ، طلبا اور مقامی عمائدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شروع کیے جانے والے بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔ اس موقع پر اعلی سول اور ملٹری حکام بھی موجود تھے۔ بعد ازاں آرمی چیف نے کوئٹہ کور، ایف ڈبلیو او، فرنٹیئر کور (ایف سی)بلوچستان اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے دستوں سے بھی بات چیت کی اور حالیہ سیلاب میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے عمل کے دوران ان کی کوششوں کو سراہا۔ لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر، چیئرمین این ڈی ایم اے اور لیفٹیننٹ جنرل کاشف نذیر، انجینئر ان چیف بھی دورے کے دوران آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔