عمران نے قوم کا بیڑہ غرق کر دیا: فضل الرحمان
شکار پور (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ نے پیغام جمعیت کانفرنس سے خطاب کرتے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم کا بیڑا غرق کر دیا۔ اپنی کارکردگی تو بتاؤ مہنگائی کی دلدل میں ہم تمہاری وجہ سے پھنس گئے ہیں۔ مہنگائی کے دلدل سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں کہتے ہیں مذہبی ٹچ دو، مذہبی ٹچ سے بات نہیں بنتی‘ کوئی عمل بھی تو ہو کہتا ہے سازش کو بھول جاؤ، کاغذ گم گیا ہے۔ صبح ایک بیان‘ دوپہر کو دوسرا اور شام کو کوئی اور بیان ہوتا ہے۔ اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اور پہنچ رہے ہیں۔ لانگ مارچ نہیں آپ فرلانگ مارچ کرتے ہو۔ پتا چلا کہ وزیراعظم نے گھڑی چوری کر کے بیچ دی ہے۔ الیکشن کمشن کے فیصلے کی سیاسی جنگ نہیں ہوئی تھی کہ توشہ خانے کا معاملہ سامنے آ گیا۔ نوکریاں تو دور کی بات تم نے 40 لاکھ نوجوانوں کو بیروزگار کر دیا۔ ہمارے گھروں پر حملے ہوئے، ساتھی شہید ہوئے لیکن پھر بھی ہم میدان میں ہیں۔