رائیونڈ: بلیک مارکیٹنگ میں ملوث3فلور ملز کا کوٹہ معطل
رائے ونڈ (نمائندہ نوائے وقت)محکمہ خوراک کی بڑی کارروائی، سبسڈائزڈ آٹے کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث 3 فلور ملز کو گندم کا کوٹہ معطل کر دیا،عوام کو سستا آٹا نہ دینے پر 79 آٹا ڈیلرز کے لائسنس معطل کردئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک نے سستا آٹا کی بلیک مارکیٹنگ اور آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنیوالی 3فلور ملز واعظ فلورملز،نواب فلور ملز،اور اے آر کے فلور ملز کو گندم کا کوٹہ معطل کردیا ہے اسی طرح تحصیل بھر میں آٹا وصول کرنے کے باوجود عوام کو سستا آٹا فراہم نہ کرنے اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث 79آٹا ڈیلرز کے لائسنس معطل کردئیے ہیں اے ایف سی شاہد اسلم چودھری نے میڈیا کو بتایا کہ رائے ونڈ تحصیل بھر میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے فلورملز اور آٹا ڈیلرز کی ملی بھگت سے عوام کو جان بوجھ کر سستا آٹا فروخت نہیں کیا جارہا ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہنیں گی انہوں نے مزید بتایا کہ تحصیل بھر روزانہ10 کلووزنی تھیلا 13040 اور 20 کلو وزنی 27540 تھیلے فراہم کیے جارہے ہیں آٹے کی بلیک مارکیٹنگ اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔