ایف بی آر ٹیکس وصولی پر توجہ مرکوز کرے : عامر قدیر
لاہور( کامرس رپورٹر)چیئر مین ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے منی بجٹ آنے کی افواہوں سے ہر طبقہ شدید تشویش میں مبتلا ہے ، ایف بی آر ان ڈائریکٹ ٹیکسز کی بجائے انکم ٹیکس وصولی پر توجہ مرکوز کرے ،اگر پیٹرولیم پر لیوی کی صورت میں ٹیکس لگایا گیا تو اس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا۔ اپنے بیان میں عامر قدیر نے کہا کہ ڈیفالٹ رسک کے اعدادوشمار کے شوروغوغا پر سرمایہ کار شدید پریشان ہیں۔ وزیر خزانہ کی جانب سے ڈیفالٹ رسک کے حوالے سے بیانات پر وضاحت اچھا اقدام ہے لیکن متعلقہ ادارے کو اس کی وضاحت کیلئے کہنا چاہیے تاکہ ہچکولے کھاتی معیشت مزید دبائو کا شکار ہونے سے بچ سکے۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور یہ تب تک ممکن نہیں جب تک تمام سیاسی جماعتیں اور ریاست کے نظام سے جڑے اسٹیک ہولڈرز ایک میز پر بیٹھ کر کوئی ٹھوس اور موثر معاہدہ نہیں کرتے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان 22کروڑ عوام کی آبادی والا ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہے ، تمام سیاسی جماعتوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ،سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر ملک کے مفاد بارے سوچا جائے وگرنہ ہمارے پاس سوائے پچھتاوے کے کچھ نہیں بچے گا۔