ساہیوال: جی سی ایس ایلومنائی ایسوسی ایشن کا دوسرا سالانہ عشائیہ
لاہور، ساہیوال(نیوزرپورٹر، نامہ نگار )ملک کے ممتازسیاستدانوں، بیورو کریٹس، صحافیوں، قلمکاروں، دانشوروں، اساتذہ، صنعتکاروں، کاشتکاروں و دیگر مکاتب زندگی کی نمایاں شخصیات نے گورنمنٹ کالج ساہیوال میں جی سی ایس ایلومنائی ایسوسی ایشن کے دوسرے سالانہ عشائیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ معاشرے کو تقسیم کرنے اور منافرت وکشیدگی پھیلانے کا باعث بننے والے اختلاف رائے کے بجائے ہمیں محبت و یگانگت اور اخوت و بھائی چارے والے انسانی جذبوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔جی سی ایس ایلومنائی ایسوسی ایشن کا یہ اجتماع باہمی نفرتیں مٹانے اور انسانی جذبوں کو فروغ دینے کی زندہ مثال ہے۔ اس عشائیہ تقریب کا اہتمام ایلومنائی ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم پر جی سی ساہیوال کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز احمد، سرپرست ڈاکٹر افتخار شفیع اور ان کی ٹیم نے ایلومنائی کے صدر عاطف محمود، سینئر نائب صدر سعید آسی، نائب صدر عارف چودھری ایڈووکیٹ اور ایلومناءلاہور چیپٹر کے متحرک عہدے داروں ڈاکٹر نسیم بلوچ، ڈاکٹر جاوید اقبال ندیم، ریاض مسعود، جاوید اقبال بھٹی، موج دریا بودلہ کی معاونت سے کیا تھا۔ ملک کے معروف صحافی، تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ معروف صحافی سجاد میر، جسٹس(ر) حسنات احمد خاں، عبدالطیف چشتی ایڈووکیٹ اس خصوصی نشست کے مہمانان اعزاز تھے۔ معروف نعت خواں علی رضا خاں نے مظفر وارثی کا ہدیہ نعت پیش کر کے فضا کو سحر انگیز بنایا جبکہ تقریب میں شریک جوان بزرگوں نے گورنمنٹ کالج ساہیوال سے وابستہ اپنی یادیں شعروشاعری، لطیفوں، چٹکلوں، اور اپنی ظریفانہ حرکتوں کی آمیزش کےساتھ تازہ کرتے ہوئے محفل کو کشت عفران بنائے رکھا۔ ایلومنائی کے سینئر نائب صدر اور ”نوائے وقت“ کے انچارج ایڈیٹوریل سعید آسی نے ایلومنائی کی تشکیل کے اغراض و مقاصد کواجاگر کرتے ہوئے اسے مزید متحرک بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور اپنی ایک پنجابی غزل بھی سنائی، مجیب الرحمان شامی نے اس تقریب کو ہر حوالے سے کامیاب قرار دیا اور ایلومنائی کے سرپرست اعلیٰ و پرنسپل کالج ڈاکٹر ممتاز احمد نے کالج کے لان میں مینار پاکستان کی طرز کی ایک یادگار تعمیر کرانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔