عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ بری طرح مسترد کر دیا: مہر لطیف
قصور (نمائندہ نوائے وقت)تحریک انصاف پی پی 175 کے امیدوار مہر محمد لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ سچ بولا ھے جو کرپشن میں ڈوبے ھوئے روائتی سیاستدانوں کو کڑوا لگ رہا ہے۔ عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ بری طرح مسترد کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی صداقت اور دیانت پر پوری قوم کو پورا یقین ہے امپورٹڈ حکمرانوں کی الزام تراشی پر قوم نے کان نہیں دھرے الٹا حکمرانوں کی اس مذموم کوشش کی شدید مذمت کی گئی ہے، توشہ خانہ کیس سے عمران خان کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ان کا دامن صاف اورعزم جواں و ارادہ مصمم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی حقیقی آزادی کی خاطر نکالے جانے والے مارچ میں عمران خان نے گولیاں کھائیں مگر ان کے ارادوں میں کوئی کمزوری نہیں آئی ان پر کی جانیوالی الزام تراشی بھی انکے عزم کو توڑ نہیں سکتی، عمران خان پاکستان کے حقیقی خدمت گار اور عوام سے محبت کرنے والے لیڈر ہیں۔
انہیں ملک و قوم کی خدمت سے روکا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں ہر طبقہ کے لوگ شریک ہیں جو عمران خان کے موقف کی تائید کی خاطر اس جدوجہد میں شامل ہیں آج عمران خان کے قد کا کوئی لیڈر خطہ میں موجود نہیں جتنی مقبولیت انہیں حاصل ہے کسی اور لیڈر کو آج تک میسر نہیں آئی۔