پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی بھی ورلڈ کپ میں شریک
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کا 3 رکنی وفد ورلڈکپ کے میزبان شہر دوحا میں ہونے والے فیفا ایگزیکٹو فٹبال سمٹ میں شریک ہوا، اس دوران اہم ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا، پاکستانی وفد میں این سی کے چیئرمین ہارون ملک، ارکان شاہد نیاز کھوکھر اور سعود ہاشمی شامل ہیں، فیفا ایگزیکٹو فٹبال سمٹ کو امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے بھی رونق بخشی۔ صدر فیفا گیانی انفنٹینو نے شرکاء کو دنیا بھر میں کھیل کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے فٹبال برادری کو ہرممکن سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ فیفا کی سیکرٹری جنرل فاطمہ سمورا،گلوبل فٹبال ڈیویلپمنٹ کے چیف آرسینی وینگر اور دنیائے فٹبال سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی سمٹ میں موجود تھیں۔ چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک کی دیگر دونوں ارکان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل فاطمہ سمورا سے بات چیت ہوئی، پاکستانی وفد کی مختلف ملکوں کے فٹبال آفیشلز کیساتھ اہم ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا،ان میں قطر، سعودی عرب، مالے، بھوٹان اور دیگر کے حکام شامل تھے۔ ہارون ملک کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کے دوران ایک عالمی پلیٹ فارم پر ملک کی نمائندگی بڑے اعزاز کی بات ہے، فیفا ایگزیکٹو فٹبال سمٹ میں کئی اہم ملکوں سے روابط مضبوط بنانے کا اچھا موقع ملا ہے، ان ملاقاتوں کے پاکستان فٹبال پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں بحال ہونے پر عالمی برادری نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے، فیفا کے اہم ارکان کی معاونت اور حوصلہ افزائی سے ملک میں کھیل کے فروغ کیلئے معاملات میں مزید بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔