آل پاکستان کمشنر گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ ‘پہلے دن 4میچوںکا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی زیر نگرانی ملتان ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا پہلا آل پاکستان کمشنر گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا افتتاح مہمان خصوصی کمشنر ملتان اشفاق احمد نے کیا۔ شہدائے ہاکی بلوچستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ مہمان خصوصی کمشنر ملتان نے ربن کاٹ کا ایونٹ کا افتتاح کیا۔ پرندے اور غبارے بھی چھوڑے گئے۔ مہمان خصوصی کا آفیشلز و کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔پہلے دن کا پہلا میچ سنٹرل پنجاب اور سندھ کے مابین کھیلا گیا جو کہ پنجاب سنٹرل نے 4-6 سے جیت لیا۔ فاتح ٹیم کے شہباز اور سراج نے دو دوجبکہ قیوم اور ارسلان نے ایک ایک گول کیا۔ دوسرا میچ بلوچستان اور واپڈا کے مابین کھیلا گیاجو کہ واپڈا نے 0-8 سے جیت لیا۔علی عزیز‘ تعظیم‘ اویس‘ اجمل‘ شرجیل‘ یاسر‘ امجد اور علیم نے ایک ایک گول کیا۔تیسرا میچ نیوی اور پنجاب پولیس کے مابین کھیلا گیا جس میں نیوی نے ایک کے مقابلے میں چھ گول سے کامیابی حاصل کی۔ نیوی کی جانب سے یاسر نے ہیٹ ٹرک سکور کی ۔ محسن‘حماد اور سلطان نے ایک ایک گول کیا۔ چوتھا میچ پنجاب رینجرز اور (رائل آرچرڈ) ساؤتھ پنجاب کے مابین کھیلا گیا جو کہ 0-0 سے برابر رہا۔