آنے والی نسلیں ’’سٹیٹس کو‘‘ کے سہولت کاروں کو معاف نہیں کریں گی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی آنکھوں پر ہوس اقتدار کی پٹی نے ملکی مسائل میں اضافہ کر دیا۔ کئی عشروں سے جاری کشکول مشن سے ملک معاشی طور پر بہت کمزور ہو چکا ہے۔ تینوں بڑی سیاسی پارٹیاں ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے میں مکمل ناکام رہیں، آنے والی نسلیں سٹیٹس کو کے سہولت کاروں کو معاف نہیں کریں گی۔ دنیا میں پاکستان شاید واحد ملک ہے جس کے حکمران کشکول لے کر جاتے ہیں لیکن ان کا پروٹو کول اور ٹھاٹھ باٹھ قرض دینے والوں سے کہیں زیادہ ہوتا ہے، بد قسمتی سے صرف چوکیدار تبدیل ہوتا رہا ہے جبکہ فرسودہ نظام وہی کا وہی ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں سود، کرپشن، بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھے گی۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام سٹیٹس کو کی سیاسی جماعتوں کو مسترد کرتے ہوئے ملک میں اسلامی نظام کے لیے اپنے ووٹ کی طاقت کو استعمال کریں۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے منصورہ میں شرکائے تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے پہلے سیاسی ڈائیلاگ ضروری ہے تاکہ نیو سوشل کنٹریکٹ اور انتخابی اصلاحات پر تمام سیاسی پارٹیوں کا مکمل اتفاق ہو بصورت دیگر ملک میں پیدا شدہ سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہو گا۔ گوادر میں تین ہفتوں سے جاری احتجاج پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مجبوروں کی آواز سنیں۔ ’’گوادر کو حق دو‘‘ تحریک مسائل کے حل تک ختم نہیں ہوگی، گوادر کو گیم چینجر کہا جاتا ہے مگر وہاں صدیوں سے بسنے والے بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں۔ گوادر کو حق دو‘‘ تحریک کے روحِ رواں جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھ احتجاج میں شامل عورتیں، بچے اور مرد محب وطن اور محب اسلام ہیں جو حکومت سے اپنے وعدے پورے کرنے کا تقاضہ کر رہے ہیں۔ پورا پاکستان گوادر کے حقوق کے لیے اس جاری تحریک کے ساتھ ہیں۔