• news

حکومت‘ ادارے عمران پر حملہ کرنے والے کرداروں کو سامنے لائیں: زبیر احمد ظہیر


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کے نام پر بننے والی مملکت کی شناخت، شہرت، اور مستقبل کو کرپٹ اور نا اہل قیادتوں نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ آج ملک اور عوام جن مشکلات و مصائب، مہنگائی، بیروزگاری، بے عدلی ، بے انصافی اور قرضوں کے عذاب میں مبتلا ہیں اس کے اصل ذمہ دار یہ کرپٹ اور نا اہل خاندان ہیں جو تیس سال سے کرپشن اور بیرونی سازشوں کے ذریعے ملک و قوم پر زبردستی مسلط ہیں۔ وہ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔  مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر عدنان فیصل، پنجاب کے صدر میاں محمد اصغر ، بلوچستان کے صدر ظریف احمد خان ، سندھ کے صدر مولانا عبد الخالق آفریدی، کے پی کے کے صدر شعیب احمد اعوان ، میاں محمد شفیق برکت ، مولانا سید محمود احمد غزنوی ، مولانا ضیاء  الرحمن فاروقی اور عمران شاکر نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ مجلس عاملہ کے فیصلہ کے مطابق ہم حکومت ، مقتدر اداروں اور عدلیہ سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں عمران خان پر حملہ کرنے والے اصل کرداروں اور ذمہ داروں کو سامنے لایا جائے۔  سینئر صحافی ارشد شریف کے قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اعظم سواتی کے ساتھ انتہائی شرمناک اور ذلت آمیز سلوک کرنے والوں کو عبرتناک اور سرعام سزائیں دی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن