علامہ خادم رضوی کے عرس کا دوسرا روز‘ شہداء کو ہمیشہ یاد رکھیں گے: مقررین
لاہور (خصوصی نامہ نگار) علامہ خادم حسین رضویؒ کے تین روزہ عرس کے دوسرے روز بھی ملک بھر سے عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ تحریک لبیک پاکستان کے ذمہ داران علامہ غلام عباس فیضی، مفتی محمد وزیر احمد، پیر سید سرور حسین شاہ سیفی اور علامہ فاروق الحسن سمیت دیگر رہنماؤں نے مختلف پروگراموں سے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ کمزور سے کمزور تر مسلمان بھی نبی کریمﷺ کی حرمت کے لئے جان و مال کا نذرانہ پیش کرنا اپنی سعادت سمجھتا ہے۔ علامہ خادم حسین رضوی نے عشق رسول کی شمع روشن کی جو روز قیامت تک روشن رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ شہداء ناموس رسالت نے سعادت سمجھ کر قربانیاں دیں، شہداء ہمارے سر کا تاج ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دوسرے روز قرآن خوانی، محافل حمد و ثناء کا بھی بڑا اہتمام کیاگیا۔ عرس کے تیسرے اور آخری روز آج امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی اور وطن عزیز کی نامور مذہبی شخصیات خطاب کریں گے۔ خصوصی دعا کی جائے گی۔