پاکستان اب بھی خطے میںقابل قدر اتحادی ، اچھے تعلقات کی خواہش تبدیل نہیں ہوگی : امریکہ
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکا کے محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اب بھی خطے میں ہمارا ایک اہم ترین اور قابل قدر اتحادی ملک ہے۔ جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کی وضاحت کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت ایک عالمی شراکت دار جبکہ پاکستان ایک حساس خطے میں ہمارا قابل قدر اتحادی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان نے بھارت کے ساتھ تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف خطے میں بلکہ امریکی پالیسیوں اور مشترکہ ترجیحات کے اعتبار سے انڈیا عالمی سطح پر امریکا کا ایک انمول شراکت دار ہے۔ جب ان سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے۔ پاکستان اور امریکا کے تعلقات پر سوال کے جواب میں محکمہ خارجہ کے ایک اور اہلکار نے کہا کہ پاکستان اب بھی حساس خطے میں امریکا کا اہم ترین اور قابل قدر اتحادی ملک ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار نے پاکستان میں داخلی سیاسی تبدیلیاں امریکا کے ساتھ تعلقات پر اثر انداز ہوسکتی ہیں کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ داخلی سیاسی تبدیلیوں سے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کی امریکی خواہش میں تبدیلی نہیں آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے نمٹنے اور افغانستان کو مستحکم کرنے میں ایک اہم اتحادی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔