• news

ارشد شریف قتل کیس، فیصل واوڈا ایف آئی اے کمیٹی پیش، مراد سعید نہ آئے

 اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ ارشد شریف قتل کیس کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کی جانب سے ان کو میڈیا اور وٹس ایپ کے ذریعے نوٹس یا خط بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے جواب میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سے دس اہم ترین سوالوں کے جواب مانگ لئے ہیں جن کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی اپنی ساخت اور حیثیت کے اعتبار سے وفاقی حکومت کا حصہ ہے۔ ایف آئی اے اور آئی بی کے حکام وفاقی حکومت کے ماتحت اور وفاقی وزیر داخلہ کو جوابدہ ہیں۔  موجودہ حالات اور وفاقی حکومت کے رویے کے تناطر میں ایف آئی اے سے غیر جانبدار، شفاف اور خودمختار انکوائری کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ مراد سعید نے کہا کہ ارشد شریف کی والدہ سپریم کورٹ کو اعلی سطح کے جوڈیشل کمیشن کی درخواست کر چکی ہیں۔ فیصل واوڈا سینئر اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل  کی انکوائری کیلئے ایف آئی اے کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے فیصل واوڈا سے ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے ان کی پریس کانفرنس میں اٹھائے گئے نکات پر سوالات دریافت کئے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کو بھی طلبی کا نوٹس بھیجا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ فیصل واوڈا اور مراد سعید نے دعوی کیا تھا کہ وہ ارشد شریف کو لاحق خطرات سے آگاہ تھے۔

ای پیپر-دی نیشن