گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ، عالمی بنک 200 ملین ڈالر قرض دے : پرویزالٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے شرکت کی۔ پنجاب کے 10اضلاع میں ایئر اور واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور، شیخوپورہ، ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، وہاڑی اور دیگر شہروں میں مانیٹرنگ سسٹم نصب ہوں گے۔ عالمی بینک پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے 200ملین ڈالرکا آسان قرضہ دے گا۔ پنجاب میں 30مقامات پر ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگائے جائیں گے جبکہ 15مقامات پر واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں 25الیکٹرک بسوں سے ماحول دوست پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ ماحولیاتی بہتری کیلئے پلاسٹک کو کنٹرول کرنے کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔ پلاسٹک کے ’’سنگل یوز‘‘ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈویژنز میں ’’انرجی ایفیشنٹ بلڈنگز‘‘ کے تحت سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر سولر پینل لگائے جائیں گے۔ پنجاب میں گرین فنانسنگ سٹرٹیجی تشکیل دی جارہی ہے۔گرین فنانسنگ کے تحت 50ملین ڈالر کا انوائرمنٹ انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا۔ گرین انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت 6انڈسٹریز کو آسان قرضے دئیے جائیں گے۔ سٹیل ملز، رائس ملز، سٹون کرشنگ، لیدر پروسیسنگ انڈسٹریز کو گرین انویسٹمنٹ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔ ابتدائی طورپر 100چھوٹے انڈسٹریل یونٹ کو 30ملین ڈالرز کے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں نجی گاڑیو ں کے لئے ٹوکن ٹیکس کو موٹر وہیکل انسپکشن اور سرٹیفکیشن سے مشروط کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ پرویز الٰہی سے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی اور لائیوسٹاک و ڈیری فارمنگ کے مسائل سے آ گاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مسائل کے فوری حل کے لئے موقع پر ہدایات دیں۔ پرویزالٰہی نے پنجاب میں مکئی کی بین الصوبائی نقل وحمل پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ لائیوسٹاک خصوصاً پولٹری انڈسٹری اور ڈیری فارمنگ کی ضروریات پوری کرنے کے لئے مکئی صوبے سے باہر نہیں لے جائی جا سکے گی اور ہمارے اس فیصلے سے پنجاب کی مقامی پولٹری انڈسٹری کو فائدہ پہنچے گا اور مقامی انڈسٹری کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ پرویزالٰہی نے محکمہ لائیوسٹاک کو ہدایت کی کہ پنجاب کی لائیوسٹاک پالیسی تیار کی جائے۔ صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار شہاب الدین کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔ پنجاب حکومت جانوروں کو امراض سے بچانے کے لئے مقامی طور پر موثر ویکسین تیار کرے گی اور اس ضمن میں نجی شعبے کو بھی شامل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے وائس چانسلر کو 6ماہ کے اندر مقامی ویکسین کی تیاری کا ٹاسک دیا۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے کچھ کرنا نہیں‘ پنجاب حکومت بیرون ملک سے بھی خود ویکسین خریدے گی۔