پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز پی ٹی آئی ممبران اسمبلی کو دینے کا فیصلہ
ملتان (خبر نگار خصوصی ) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے تمام بلدیاتی اداروں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں ممبران سے ہنگامی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں کی تفصیل مانگ لی گئی ہے معلوم ہوا ہے کہ ہر رکن اسمبلی کو 10 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دیئے جائیں گے جبکہ پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز نہیں دیئے جائیں گے اس وقت صوبہ بھر کے بلدیاتی اداروں کے پاس رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اربوں روپے کے فنڈز موجود ہیں جو پنجاب حکومت آئندہ الیکشن سے پہلے خرچ کرنا چاہتی ہے صوبے کے دیگر اضلاع کے بلدیاتی اداروں کی طرح ملتان میں بھی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلع کونسل ملتان کے پاس سالانہ ترقیاتی پروگرام کے ایک ارب 17 کروڑ روپے کے فنڈز موجود ہیں جو ممبران اسمبلی کی ترقیاتی سکیموں پر خرچ کئے جائیں گے اس حوالے سے ممبران اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ترقیاتی منصوبوں کی تفصیل ان اداروں کے پاس جمع کرائیں تاکہ جلد سے جلد ٹینڈرز کا عمل مکمل کر کے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا جا سکے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں آنے والے ممبران نے اپنی سکیمیں جمع کرانا شروع کر دی ہیں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پاس اس وقت تقریباً 70 کروڑ روپے کے فنڈز موجود ہیں جبکہ ضلع کونسل ملتان کی 47 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 65 ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے 5 دسمبر کو نیلام کیے جائیں گے اس سلسلے میں ضلع کونسل ملتان کے چیف افسر رانا محبوب عالم کا کہنا ہے کہ انہوں نے یکم نومبر کو ضلع کونسل میں جوائنگ دی تھی اور چند دن میں ہی ترقیاتی منصوبوں کے تخمینہ لاگت تیار کر کے 17 نومبر کو اشتہار اشاعت کے لیے بھجوا دیا تھا۔