رجسٹرڈ افغان مہاجرین 12 لاکھ سے زائد‘ مزید کی توثیق جاری
اسلام آباد (خبر نگار) قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات‘ رکن اسمبلی شمیم آرا پنہور کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت سیفران نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت ملک میں 1282963رجسٹرڈ افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیں جن کی تصدیق/ توثیق، دستاویز کی تجدید و معلومات کی توثیق کی مشق (ڈی آر آئی وی ای) کے ذریعے کی گئی ہے، ڈی آر آئی وی ای کے تحت رجسٹرڈ خاندانوں کے 136490غیر دستاویز شدہ افرادکو بھی دستاویز میں شامل کیا گیا ہے، جن کی توثیق زیر عمل ہے۔اپریل2022 ء سے (آج تک) بیرون ملک ملازمت کے لئے بی ای اینڈ او آئی کے ذریعے 506,247 پاکستانی شہریوں کا اندراج کیا گیا، جے یو آئی (ف) نے میڈیا پر بڑھتی ہوئی عریانیت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے توجہ دلائو نوٹس پیش کردیا ، حکومت کی جانب سے معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی تجویز پیش کی گئی جس پر سپیکر نے معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری فقیر احمد نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پر توہین قرآن و توہین رسالت کی گائیڈ لائنز دیں۔ تحریک انصاف کی حکومت سوشل میڈیا پر توہین روکنے کے لئے عمل کرنے کی بجائے سپریم کورٹ میں اپیل کر دی۔ موجودہ حکومت بھی اس اپیل کو سپریم کورٹ میں چلا رہی ہے۔ حکومت توہین رسالت روکنے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر پٹیشن واپس لے ہم ایوان میں متفقہ قرارداد اس کیس کے واپس لینے کے مطالبے کے حق میں پیش کرتے ہیں جس پر سییکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آپ قرارداد بغیر قواعد کے پیش نہیں کرسکتے قرارداد طریقہ کار کے مطابق لائیں مولانا عبدالاکبر چترالی رکن جماعت اسلامی نے کہا کہ اس بات پر افسوس ہے کہ 2022ء میں مدینے کی اسلامی ریاست والے کی حکومت تھی اسلامی ریاست کا پروپیگنڈہ کرنے والے گستاخی کو کیسے برداشت کر سکتے ہیں۔ آزادی کچھ نہیں ہے ہم بھوک، مہنگائی تکلیفیں برداشت کریں گے مگر اللہ، رسول اور صحابہ کرام کی گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف، مولانا فضل الرحمن سمیت تمام سیاست دانوں سے فوری طور پر اپیل واپس لینے کی استدعا کرتا ہوں۔