الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست ، وکیل کی عدم دستیابی
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے ایم کیو ایم کی جانب سے الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری کرنے کیلئے دائر درخواست میں وکیل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کردی۔معاون وکیل کی استدعا پر سماعت 12 جنوری تک کیلئے ملتوی کر دی۔
گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواستگزاروکیل انس مشہود کی جونیئر وکیل جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل عدالت میں پیش ہوئے،معاون وکیل نے کہاکہ درخواستگزار کے وکیل لاہور میں کیس میں مصروف ہیں اس لیے کیس ملتوی کرنے کی استدعا ہے، عدالت نے کہاکہ آپ نے اگلی تاریخ پر درخواستگزار کا پارٹی سے تعلق ثابت کرنا ہے، اس وقت پارٹی کے عہدیدار کون ہیں اور درخواستگزار کا پارٹی میں کیا عہدہ ہے یہ بھی عدالت کو بتانا ہے، عدالت نے معاون وکیل کی استدعا پر کیس کی سماعت 12 جنوری تک کیلئے ملتوی کر دی۔