سیاسی جماعتوں نے تصادم کا راستہ اپنایا تو سب کو گھر جانا پڑے گا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے تصادم کا راستہ اختیار کیا تو ماضی کی طرح سب کو گھر جانا پڑے گا۔ حکمران جماعتیں ایک تعیناتی کے لیے دست و گریبان ہیں۔ جمہوریت کی مضبوطی پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی ترجیحات میں شامل نہیں، بلدیاتی الیکشن نہیں کروائے گئے، جہاں ہوئے وہاں بلدیاتی نمائندوں کے پاس اختیارات نہیں۔ بلوچستان کی مثال سب کے سامنے ہے۔ گوادر کے رہائشی اپنے حق کے لیے 23روز سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ بچوں، خواتین سمیت سب نے مظاہرے کیے۔ کفن پوش احتجاج ہوا، مگر حکمران عہد کی پاسداری کے لیے تیار نہیں، یہ پہلا موقع نہیں عوام کو دھوکا دیا گیا۔ ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘ تیسرے فیز سے گزر رہی ہے۔ گوادر کو گریٹ گیم کا حصہ نہ بنایا جائے، مطالبات پورے نہ ہوئے تو بلوچستان کے عوام کے حقوق کی تحریک کو قومی سطح تک پھیلا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا قوم کو لڑاؤ اور تقسیم کرو کا کھیل مزید نہیں چلے گا۔ جماعت اسلامی سویلین بالادستی، شفاف انتخابات چاہتی ہے، ہم پرامن اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔