• news

بھارت:ٹرک مندر میں گھس گیا،12افراد ہلاک ،ٹینکر کی ٹکر،48گاڑیاں تباہ، 38زخمی


پٹنہ (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) بھارت میں ٹریفک حادثات میں 12 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ریاست بہار میں تیز رفتار ٹرک بے قابو ہوکر مندر میں داخل ہوگیا اور وہاں ہونے والے اجتماع میں شامل  12 افراد کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے ضلع ویشالی کے ایک مندر میں پیپل کے درخت کے نیچے بھومیہ بابا کی پوجا کی جا رہی تھی جس میں بڑی تعداد میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے۔ اسی دوران ایک تیز رفتار ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہوکر اندر گھس آیا اور پوجا میں مشغول افراد کو کچل ڈالا۔ 7 بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں ٹرک ڈارئیور بھی مارا گیا جب کہ اس حادثے میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی ٹویٹ میں حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 2- 2 لاکھ اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے فی کس مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔ پونے بنگلور ہائی وے پر حادثہ پیش آیا ہے جس میں بڑی تعداد میں گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ فائر بریگیڈ اہلکار کے مطابق ایک ٹینکر کئی گاڑیوں سے ٹکرا گیا، ٹریفک حادثے کے نتیجے میں38 افراد زخمی ہوئے۔ 48 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن