• news

سابق چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل ، 6 شریک ملزموں کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست پر سماعت


لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل اور دیگر 6 شریک ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ میں معزز جسٹس شہزاد احمد خان نے وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کی۔
ملزمان عظمیٰ عادل خان ،سعید احمد،سہیل وسیم،شہزاد انجم اور سلیم بٹ سمیت سات ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔ سماعت کے آغاز پر ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے استدعا کی کہ یہ کیس سپریم کورٹ میں بھی لگا ہے،عدالت عظمیٰ کے فیصلے تک سماعت ملتوی کر دی جائے۔ عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 2ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے ملزمان کے خلاف مقدمہ در ج کرایا جس کے بعد ایف آئی اے نے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دیں ،ایف آئی اے نے سابق چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل خان اور دیگر کے بنک اکائونٹس قانون کے مطابق منجمد کر دیئے ،عظمی عادل کے بنک اکائونٹس 2016ء کی انکم ٹیکس ریٹرنز میں ظاہر نہیں کئے گئے ،عظمی عادل خان کے چیئرپرسن اوگرا بننے سے قبل کے بنک اکائونٹس کھولنا خلاف قانون ہے ،عظمی عادل خان کے بنک اکائونٹس کھولنا خلاف قانون ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ سابق چیئرپرسن عظمی عادل خان کے بنک اکائونٹس کھولنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے اورعدالت عظمی عادل کی لی گئی ضمانت کینسل کرنے کا حکم دی ۔

ای پیپر-دی نیشن