مہنگائی نے زندہ درگور کر دیا‘ حکمران محاذ آرائی بند‘ عوام کا سوچیں: خواتین
لاہور (لیڈی رپورٹر) ’’مہنگائی کے سیلاب نے خواتین کی مشکلات میں اضافہ کردیا، گھریلو بجٹ درہم برہم ہوکر رہ گیا، گھریلو جھگڑے بڑھ گئے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور سیاسی جھگڑوں سے نکل کر زندہ درگور عوام کا بھی سوچیں جنہیں روکھی سوکھی بھی میسر نہیں اور فاقہ کشی ہی واحد آپشن رہ گیا ہے۔‘‘ خواتین نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نوائے وقت سروے میں گفتگو کے دوران کیا۔ راوی روڈ کی رہائشی ایمن اور فوزیہ نے کہا کہ بیروزگاری عروج پر ہے‘ مہنگائی اتنی ہے کہ دو وقت کی روٹی کھانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگیا ہے، کیا اب ہمارے بھائی اور بیٹے ڈاکے ڈالیں، چوریاں کریں ۔ اچھرہ کی رہائشی میمونہ اور ناعمہ نے کہا کہ دودھ دہی کی قیمتیں، بسوں ویگنوں کے کرائے، پھل سبزی کے نرخ ہر چیز پہنچ سے باہر ہوتی جارہی ہے، کیا اب لوگ اجتماعی خودکشیاں کریں یا بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا دیں، دودھ اور سکول کی فیس تو دینے سے رہے۔ گڑھی شاہو کی رہائشی صائمہ اور کائنات نے کہا کہ فروٹ خریدنے کا تو تصور بھی محال ہوگیا ہے جہاں پیاز دو سو روپے کلو اور مٹر ساڑھے تین سو روپے کلو ہوں تو انسان کیا پکائے اور کیا چھوڑے، گوشت میں پہلے چکن ہماری پہنچ میں تھا مگر اب وہ بھی نہیں رہا۔ آئے روز پٹرول بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہماری قوت برداشت کا امتحان ہے، حکمران عقل کریں۔