انصاف کی فراہمی تک احتجاج جاری رہے گا، شبلی فراز
اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی تک احتجاج جاری رہے گا،پوری قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔شبلی فراز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کو شرم آنی چاہیے، کل انکے ساتھ بھی یہ ہوسکتا ہے، ارکان اسمبلی اعظم سواتی کیساتھ کھڑے نہ ہونے پر کیا جواب دینگے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے مقبول لیڈر عمران خان کو ہٹانے کی ناکام کوشش کی گئی، عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سینیٹر کی بیحرمتی کی گئی، ویڈیو بنائی گئی، اعظم سواتی کی سنوائی نہیں ہورہی، کسی کو کوئی پرواہ نہیں، پوری قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ ارشد شریف کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں تھا، ارشد شریف ملک کیلئے کام کر رہا تھا، ارشد کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔ شبلی فراز نے مزید کہا کہ ہم آئین وقانون کے مطابق احتجاج کررہے ہیں اور انصاف کی فراہمی تک احتجاج جاری رہے گا۔