• news

دھمکیوں کا مقدمہ: عطاء تارڑ‘ سائرہ افضل کی ضمانت میں 7 روز کی توسیع


گوجرانوالہ‘ حافظ آباد (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) خصوصی عدالت نے جلسہ میں چیئرمین پی ٹی ٹی آئی کو دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں مشیر وزیر اعظم عطاء تارڑ اور لیگی رہنما سائرہ افضل تارڑکی عبوری ضمانت میں سات روز کی توسیع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق رانا زاہد اقبال پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت حافظ آباد جلسہ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں ملوث مشیر وزیراعظم عطاء تارڑ، لیگی رہنما سائرہ افضل تارڑ اور محمد بخش تارڑ پیش ہوئے، اس دوران فاضل جج نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں سات روز کی توسیع کرتے ہوئے آئندہ مقدمہ کی سماعت 28نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔ ادھر احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ گھڑی چوری کے کیس سے نظر ہٹانے کے لیے تسنیم حیدر جیسے کردار کو سامنے لایا گیا ہے۔ تسنیم حیدر کو نوٹیفکیشن کس نے ترجمانی کا دیا ہے،  یہ شخص کہتا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی پلاننگ نواز شریف کے ساتھ بیٹھ کر ہوئی ہے۔ پرویز الہی نے کل کی یہ ساری پلاننگ کروائی ہے، کوئی شخص اٹھ کر کہہ دے کہ میں ارشد شریف کے قتل کی پلاننگ میں ملوث تھا کیا یہ مان لیا جائے گا۔ تسنیم حیدر کی اسد قیصر سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں کے ساتھ تصاویر ہیں، کیا تسنیم حیدر کو پی ٹی آئی کا ترجمان سمجھ لیا جائے، شکل سے لگتا بھی ہے، یہ جو سٹوری آئی ہے کہ فرخ گوگی دبئی نہیں گئی میں یہ رد کر تا ہوں۔ فرح گوگی اپنے انکل کے ہیلی کاپٹر پر کئی دفعہ دبئی جا چکی ہے۔ فرخ گوگی کو دبئی سے لا کر شامل تفتیش کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن